ہم سب نے مل کر ترقیاتی منصوبوں اوربھرتیوں کےعمل میں بدعنوانی کے تاثر کو ختم کرنا ہے، میرعبدالقدوس بزنجو
کو ئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاسی سطح پر ہونے والی تبدیلی کا مقصد گورننس کی بہتری کے ذریعے عام آدمی کی بھلائی ہے،سیکرٹری ذمہ دار اور قابل احترام افسرز ہو تا ہے امید ہے یہ میری ٹیم کا حصہ بن کر میرے ہاتھ مضبوط کر نے سمیت عام آدمی کے مسائل کے حل کو اپنا اولین مقصد بنائیں گے،حکومت کی کامیابی کیلئے گڈ گورننس،شفافیت، سروس ڈلیوری، وقت کی پابندی اور عوام کی اداروں تک رسائی بے حد اہم ہے آئین و قانون اور قواعدو ضوابط کی پاسداری بھی اہمیت کی حامل ہے اچھے افسروں کی ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کو ئٹہ میں مختلف محکموں کے صوبائی سیکرٹریوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے موقع پراظہار خیا ل کر تے ہو ئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد افسران سے یہ ان کاپہلا رابطہ ہے جس کا مقصدافسران کو اپنی حکومت کی ترجیحات اور افسران سے وابستہ امیدوں سے آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاسی سطح پر ہونے والی تبدیلی ایک سوچ اور مقصد کو سامنے رکھ کر عمل میں لائی گئی ہے جس کا مقصد گورننس کی بہتری کے ذریعے عام آدمی کی بھلائی ہے جو محکمہ جا ت کے سیکریٹریز کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ کسی بھی محکمہ کاسیکریٹری ذمہ دار اور قابل احترام افسر ہو تا ہے مجھے امید ہے کہ وہ میری ٹیم کاحصہ بن کر میرے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی روایات میں ایک دوسرے کو عزت دی جاتی ہے۔تمام سیکرٹریوں کو میری اور میرے دفتر کی جانب سے بھرپور عزت و احترام ملے گا۔ایک شخص سے صوبہ نہیں چلتا بلکہ تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگامجھے امید ہے کہ افسران اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے عام آدمی کے مسائل کے حل کو اپنا اولین مقصد بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دفاتر میں بہت زیادہ وقت اجلاسوں، بریفنگز اور پریذنٹیشنز میں صرف ہوتا تھا افسران اس وقت کو عوامی مفاد کیلئے صرف کریں اوردفاتر و حکومتی اداروں تک عام آدمی کی رسائی سہل بنا تے ہو ئے ان کا اعتماد بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر بلا امتیاز ہر سائل کیلئے کھلے رہنے چاہئیں بلکہ سیکرٹریز اپنے دفاتر میں عزت واحترام کی فضا قائم رکھیں اور فرائض کی انجام دہی میں قوم، فرقہ اور مذہب کو حائل نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ رولز آف بزنس میں سرکاری امور کی انجام دہی کی وضاحت موجود ہے صرف ان کیسز اور سمریوں کو مجھے بھجوائیں جن کا مجھ تک پہنچنا ضروری ہو، انہوں نے کہا کہ افسران اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دیں اور سرکاری امور کو التوا کا شکار نہ ہونے دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران خود بھی وقت کی پابندی کریں اور اپنے ماتحت سٹاف کو بھی وقت کا پابند کر تے ہو ئے ماتحت ضلعی دفاتر کو بھی فعال کریں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا معیار برقرار رکھنا اور ان کی بروقت تکمیل بھی افسران کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ بے روزگا ر نو جوانوں کوروزگار کی فراہمی پر بھی مرکوز ہے افسران کو اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بھرتی کے عمل میں اہلیت اور شفافیت ہر صورت قائم رکھی جائے ہم سب نے مل کر ترقیاتی منصوبوں اور بھرتیوں کے عمل میں بدعنوانی کے تاثر کو ختم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی کامیابی کیلئے گڈ گورننس،شفافیت، سروس ڈلیوری، وقت کی پابندی اور عوام کی اداروں تک رسائی بے حد اہم ہے آئین و قانون اور قواعدو ضوابط کی پاسداری بھی اہمیت کی حامل ہے اچھے افسروں کی ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔