ہمارے نوجوانوں کی تعلیم سے گہری دلچسپی ہی ہمارے روشن مسقبل کی ضمانت ہے، سید ظہورآغا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ ملک و قوم کا درخشندہ مستقبل نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے اور زندگی کو ایک مقصد کے تحت گزارنے سے ہی کامیابی یقینی بنائی جا سکتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ نوجوان معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے بھرپور کاوشیں کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں پروفیسر وسیم کی قیادت میں بلوچستان ریذیڈینشل کالج خضدار کے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ ہمارے نوجوان پوشیدہ صلاحیتوں سے معمور ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں. گورنر بلوچستان نے نوجوانوں کے تعلیمی ذوق وشوق کو سراہتے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی تعلیم سے گہری دلچسپی ہی ہمارے روشن مسقبل کی ضمانت ہے. وہ تمام طلباء لائق تحسین ہیں جو والدین کے خوف یا کسی مجبوری کی بجائے اپنی ذاتی دلچسپی اور شوق سے تعلیم حاصل کرتے ہیں. انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ علم کی روشنی سے اپنے اذہان کو منور کر لیں. بعدازاں بلوچستان ریذیڈینشل کالج خضدار کے طلباء کو گورنر ہاؤس کوئٹہ کے مختلف حصے دکھائے گئے جس میں طلباء نے گہری دلچسپی لی۔