ہماری نجات اسی میں ہے کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں،نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گواد)بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ہماری نجات اسی میں ہے کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں،یہ بات انہوں نے کوئٹہ آرٹ گیلری میں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس اور کیلی گرافرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیراہتمام خاتم الانبیاﷺ کے عنوان سے منعقدہ صوبائی خطاطی کی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ خطاط حضرات نے آقا ئے دو جہاں حضرت محمد ﷺسے اپنی عقیدت اورمحبت کا اظہار اپنی خطاطی میں کیا ہے جو اسلامی روایات کا ایک بہت بڑا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نجات اس میں ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں اور حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی زندگی گزاریں اورحضور اکرمﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں عملاً اپنائیں یہ ہی رسول اللہ ﷺسے محبت کے اظہار کا طریقہ ہے۔