سری لنکن شہری کے قتل کی تحقیقات کی خود نگرانی کر رہا ہوں : وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی نگرانی خود کر رہا ہوں۔ انہوں نے اس ضمن میں واضح طور پر کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کے ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے گی۔ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کچھ دیر قبل کہا تھا کہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کا قتل بہت افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کہا تھا کہ اب تک 50 افراد گرفتار ہوچکے ہیں، باقی کی شناخت کی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کا واقعہ پاکستان کے لیے باعث شرمندگی ہے۔