جنوبی ایشیا میں اس وقت پاکستان سب سے مہنگا ملک ہے : شہباز شریف
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں افسوسناک واقعہ ہوا جس کی وجہ سے قوم کا سرشرم سے جھک گیا۔ ہمارے دور میں ایسے واقعات ہوئے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سیاسی رنگ دیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کو ایماندار کہنا سفید جھوٹ ہے۔ ملکی معیشت کی حالت اس وقت انتہائی خراب ہے اور ملک کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں اس لیے حالات کو کنٹرول کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ساڑھے 3 سال کے دوران معاشی غلطیاں کی ہیں۔ کورونا مارچ 2020 میں آیا لیکن اس سے پہلے کی بھی حکومتی کارکردگی دیکھ لیں۔ دنیا میں بھی مہنگائی ہوئی ہے لیکن پاکستان مہنگائی میں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت پاکستان سب سے مہنگا ملک ہے اور ملک کو بچانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ اگر ایسا نہ کیا تو خدانخواستہ ہمیں تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی نئی شرائط نے قوم کے ہاتھوں اور پاؤں میں زنجیریں ڈال دی ہیں اور ہمسایہ ملک نے آئی ایم ایف کے ساتھ آخری بیل آؤٹ پیکج 1991 میں کیا تھا لیکن ہم آئی ایم ایف کا پیچھا چھوڑ ہی نہیں رہے۔
نواز شریف کی حکومت کا اس حکومت کے ساتھ کوئی مقابلہ ہی نہیں۔ 74 سالہ خرابیوں میں ہم سب نے حصہ ڈالا ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت میں جی ڈی پی آخری سانس لے رہی ہے۔