کورونا ایک خطرناک وائرس ہے اور دنیا کےترقی یافتہ ممالک میں ویکسینیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے، مطہر نیازرانا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت صوبے میں کورونا ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں این سی اوسی کے نمائندوں بریگیڈیئر ابرار، بریگیڈیئر ہمایوں، کرنل سبطین سمیت سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ کیئر عزیز احمد جمالی، سیکرٹری اطلاعات عمران خان، سیکرٹری کالجز بشیر احمد بنگلزئی، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ، ای او سی کے پرونشل کوآرڈینیٹر حمیداللہ ناصر، ای پی آئی کے صوبائی سربراہ ڈاکٹر اسحاق پانیزئی و دیگر نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ایک خطرناک وائرس ہے اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ویکسینیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے لیکن ترقی پذیر ممالک میں ابھی تک لوگ ویکسینیشن کرانے میں ہچکچا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ویکسینیشن کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کورونا کے ویکسین لگائے جاسکے کیونکہ این سی او سی نے صوبے کو 31 دسمبرتک 44 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگانے کا ہدف دیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر کے لوگ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی دیکھی جارہی ہے اور صوبے میں کورونا کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے اور کورونا سے بچاو کے لیے حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا سے بچاو کی ویکسینیشن کروائیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ماسک پہنے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھے اور ْپر ہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں تاکہ کورونا سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے