شاہراہوں کی توسیع سے بلوچستان کےعوام خوشحال ہوں گے اوران کوترقی کے نئے مواقع میسرہوں گے، قاسم سوری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان میں روڈ منصوبوں خصوصاً چمن کوئٹہ اور کوئٹہ کراچی روڈ کو چوڑا کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے جس سے بلوچستان ترقی کے منازل طے کرے گی اور یہاں کے عوام بھرپور طور پر مستفید ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے دو رویہ اور توسیعی منصوبے کے معائنہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے قومی شاہراہوں بالخصوص کوئٹہ کراچی شاہراہ کو دو رویہ کرنے پر توجہ نہیں دی گئی لیکن جس تندہی سے اس منصوبے کے لئے موجودہ حکومت اقدامات کررہی ہے انشاء اللہ جلد ہی یہ روڈ دو رویہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی علاقے کی ترقی کے لئے شاہراہوں کی پختگی کا علاقے کی ترقی میں اہم رول ہوتا ہے ہمارے راستے جتنے بہتر انداز میں پختہ ہوں گے اس سے عوام کے لئے اتنے ہی آسانیاں پیدا ہوں گی اور ہمارے علاقے کے فروٹ اور دیگر اجناس بروقت بڑی منڈیوں تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ان شاہراہوں کی توسیع سے بلوچستان کے عوام خوشحال ہوں گے اور ان کو ترقی کے نئے مواقع میسر ہوں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ این ایچ اے کے چیف ایگزیکٹو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کو 3938.78 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں پراجیکٹ کے لئے ایک ہزار ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی بائی پاس منصوبہ 24 ماہ میں 2023ء تک مکمل ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں 16 پل،ایک اوور ہیڈ اور ایک انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا۔ اس روڈ کی چوڑائی تقریباً 7.3 میٹر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس دو رویہ روڈ پراجیکٹ کا Consultant ڈیزائن نیس پاک نے کی ہے اور Consultant Supervision پیس Peas نے کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس روڈ سے تقریباً روزانہ سترہ ہزار سے زائد گاڑیاں گزرا کرے گی اور تقریباً اس پراجیکٹ سے سترہ سو سے زائد لوگوں کو بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بائی پاس منصوبے کی تکمیل سے سفر کا دورانیہ 30 سے 45 منٹ کا رہ جائے گا واضح رہے کہ یہ روڈ منصوبہ سونا خان تھانے سے شروع ہوکر ایئرپورٹ کے قریب چمن روڈ کے ابتداء میں ختم ہوگا۔ این ایچ اے کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ اس منصوبے پر اب تک 5.30 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور اس پراجیکٹ کو این ایچ اے کی زیرنگرانی مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے منصوبے پر کام کی رفتار کا معائنہ اور اطمینان کا اظہار کیا۔