نواں کلی میں شہریوں کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والے پراپرٹی ڈیلرز کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے،لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں شہریوں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والے واقع پراپرٹی ڈیلرز کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اورعوام کوانکے پیسے واپس کرائے جائیں بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ عوام کے ساتھ ملکران پراپرٹی ڈیلرز کا گھیراؤ کرنے پر مجبورہوگا۔یہ بات انہوں نے پیر کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ نواں کلی کے علاقے میں واقع حیات بلڈرز، الیوسف بلڈرزاور شاہانہ پراپرٹی کے مالکان عوام کو دھوکہ دے رہے اورعوام کے کروڑوں روپے ہڑپ کرچکے ہیں اور غریب عوام کو انکی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پراپرٹی ڈیلرز نے ایک سال سے 21کروڑروپے روکے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان امن جرگہ پراپرٹی کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف پرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے نواں کلی کی یونین اور معززین سے ملاقاتیں کرکے ان پراپرٹی والوں کی طرف سے لوگوں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے حوالے سے آگاہ کیا یونین اور معززین کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کسی کی بات نہیں مانتے۔انہوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ کیوڈی اے سے مطالبہ کیا کہ عوام سے فراڈ کرنے والے پراپرٹی ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اگر 15روز کے اندراندر مسئلے کو حل نہیں کیا گیا توبلوچستان امن جرگے عوام کے ساتھ ملکران پراپرٹی ڈیلرز کے گھیراؤ سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہوگاجس کی تمام ترذمہ داری حکومت اور پراپرٹی ڈیلرز مالکان پر عائد ہوگی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے