ہمارے لیے وزارتیں کوئی معنی نہیں رکھتیں وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے جو بہتر سمجھا وہی کیا ، میر سلیم کھوسہ
ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان میر سلیم خان کھوسہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے اپنی تین سالہ دور حکومت میں تیس سالہ میگا منصوبوں پر کام کرکے صوبے کی احساس محرومی کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی انکی دور حکومت میں صحبت پور سمیت بلوچستان بھر میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلی ہیں انہیں مدت پوری کرنے کا موقع دیا جاتا تو بلوچستان کا ترقی و خوشحالی میں شمار دیگر صوبوں کی فہرست میں ہوتا نئے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور انکی نئی کابینہ سے بھی قوی امید ہے کہ وہ یکساں طور پر صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ملکر کام کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں صحبت پور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بی اے پی صحبت پور کے ضلع صدر میر فتح علی خان کھوسہ بی اے پی تحصیل حیر دین کے صدر میر ایاز احمد کھوسہ و دیگر بھی موجود تھے میر سلیم خان کھوسہ کا کہنا تھا کہ جام کمال خان کی خواہش تھی کہ صوبے کے نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع دیا جائے انہوں نے بلوچستان کے ہر ضلع میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ دیا صحبت پور میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے میں نے اپنی ذاتی اراضی 65 ایکڑ زمین مختص کی جس پر اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام جاری ہے صحبت پور ٹو کشمور روڈ کے میگا منصوبے کو بھی عملی جامعہ پہنا رہے ہیں جس کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو پنجاب کے لیے سفری سہولت میسر ہوگی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سمیت دیگر اہم منصوبوں پر کام کرنے جا رہے ہیں عوام کے اجتماعی بھلائی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ان کی تکمیل میں رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں میر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ ہمارے لیے وزارتیں کوئی معنی نہیں رکھتیں وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے جو بہتر سمجھا وہی کیا ہم نے ان کی مکمل حمایت کی کابینہ کی تشکیل انکا صوابدید ہے وہ چاہیں جسے شامل کریں نئی کابینہ میں شامل وزراء اور مشیر ہمارے دوست ہیں انکے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ بلا تفریق صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرینگے نئی حکومت کی پالیسی تاحال واضح نہیں ہے دیکھنا ہے کہ کیا پالیسی سامنے آتی ہے ہماری اولین ترجیح عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہے اس کے لیے کام کرتے رہیں گے آج بھی صوبے میں ہماری پارٹی کی حکومت ہے سب دوست ہمارے ہیں۔