ا سا تذہ کے تقررو تبادلوں میں کسی بھی قسم کی اقربا پروری کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا ، میرنصیب اللہ مری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دور افتادہ اسکولوں میں بچوں کوتعلیم کی ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈ ز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے،سرکاری اسکولوں میں پینے کے صاف پانی،فرنیچراور باتھ رومز کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے،اساتذہ کے تقرر و تبادلوں میں کسی بھی قسم کی اقربا پروری کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اگر کسی خلاف کوئی شکایت ہوئی تواسکے خلاف قانون کے مطابق محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ڈائریکٹریٹ کے دورے کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈائریکٹر اسکولزواحد شاکر،ڈائریکٹر کالجزبابو،ڈائریکٹرکلریکلم نعمت اللہ کاکڑ،ایڈیشنل سیکرٹری باز محمد مری اوردیگرافسران بھی موجود تھے۔بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ صوبے میں 8455بوائز اور 3863گرلز پرائمری اسکولز، 880بوائز اور 652گرلز مڈل اسکولز،710بوائز اور 395گرلز ہائی اسکولز اور 101323بوائز اور 4967گرلز ہائیر سیکنڈری اسکولز ہیں صوبے میں 1780گرلز اور بوائز اپرائمری،24مڈل اور 1814ہائی اسکولز بغیرچھت کے کام کر رہے ہیں جبکہ صوبے کے 6999پرائمری 569مڈل،185ہائی،9ہائیر سیکنڈری اسکولز میں باتھ رومز کی سہولت موجود نہیں ہے اسی طرح صوبے کے 10427اسکولوں میں پینے کے صاف پانی کی سہولت موجود نہیں ہے۔صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ صوبے کے دور د راز علاقوں میں اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیجات میں شامل ہے اسکولوں میں پینے کے صاف پانی،باتھ رومز اور فرنیچر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اسکولوں میں بجلی کے نظام کو سولرپر منتقل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سرکاری سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور جلد ہی تمام اسکولوں میں فرنیچر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ٹاٹ سسٹم بالکل ختم کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا آج دنیا میں جن ممالک نے ترقی ہے وہ تعلیم ہی کی بدولت کی ہے اس لئے ہمیں چاہئے کہ سرکاری اسکولوں میں بچوں کو تعلیم کی بہتر سے بہتر سہولیات کی جائیں جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ ہمیں اساتذہ کے تقر ر و تبادلوں کے حوالے سے بعض شکایات موصول ہوئی ہیں اس حوالے سے کسی بھی قسم کی اقرباپروری کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا اگر کسی ملازم کے خلاف کوئی شکایت آئی تواسکے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اورکسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقو ں کے اسکولوں میں اساتذہ اوردیگراسٹاف کی حاضری پر کسی بھی قیمت پرسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ڈیوٹی نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پراساتذہ کی تعیناتی کیلئے جلد ہی خالی اسامیاں مشتہر کی جائیں گی تاکہ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیاجاسکے۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ غریب طلباء اور طالبات کو اسکالر شپس کی فراہمی کے حوالے سے بھی تجاویز دیں تاکہ غریب طلباء اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے