سرکاری دفاتراورپبلک مقامات میں کرونا سے بچاؤ کے ٹیکے نہ لگانے والے افراد کے داخلے پر پابندی ہے، ڈپٹی کمشنرعرفان نواز میمن

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن نے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر اور پبلک مقامات میں کرونا سے بچاؤ کے ٹیکے نہ لگانے والے افراد کے داخلے پر پابندی ہے اس سلسلے میں کرونا ویکسینیشن کاڈر کو لازمی قرار دیکر نگرانی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ویکسینیشن کاڈر چیک کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگوانا ہے۔سول سیکرٹریٹ اور ڈپٹی کمشنر آفس میں بغیر ویکسینیشن کارڈانٹری نہیں دی جائے گی۔شہر میں سرکاری دفاتر،ہسپتالز اور بڑے شاپنگ مالز میں ویکسینیشن کاؤنٹر قائم کردئیے گئیہیں جہاں لوگوں کو ویکسین لگوائی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرونا ویکسینیشن مہم کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ میں داخلہ ہونے والے افراد کی نگرانی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا مزید کہنا تھا کہ سنڈیمن سول ہسپتال،بی ایم سی،بے نظیر ہسپتال،شیخ زاہد ہسپتال و دیگر میں (دن کے وقت) میں بغیر ٹیکے نہ لگوانے والے افراد کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے صرف ایمرجنسی مریض کا داخلہ ہوگا۔ اس کے علاوہ شہر کے بڑے شاپنگ مالز پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔کرونا ویکسینیشن کارڈ کے بغیر تمام سرکاری دفاتر، بینک اور تمام عوامی مقامات پر پابندی نافذ رہے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام کی سہولت کے لیے سنڈیمن صوبائی ہسپتال،بی ایم سی ہسپتال، شہید بے نظیر ہسپتال، فاطمہ جناح ہسپتال، شیخ زید ہسپتال،مفتی محمود ہسپتال کچلاک۔تمام بنیادی مراکز صحت،ڈپٹی کمشنر آفس،سیکرٹریٹ کے گیٹ کے علاوہ ملینیم مال،داؤد شاپنگ مال،ہارون شاپنگ مال اورصفا شاپنگ مال میں ویکسینیشن کاؤنٹر قائم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کے حوالے سے عوام میں رحجان کم ہے لہذا اس مہم کا مقصد لوگوں کو آگاہ کرنا اور ویکسین کروانا ہے۔اس کے علاوہ اگلے مرحلے میں تمام دیگر سرکاری دفاتر،پولیس اسٹیشنز،پوسٹ آفس،انکم ٹیکس آفس اور کسٹم آفس میں بغیر ویکسینیشن کاڈر لوگوں کے داخلے پر پابندی کے حوالے سے عمل درآمد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں شادی ہالز اور تمام ریسٹورنٹس میں ویکسینیشن کے بغیر انٹری پر کارروائیاں کررہے ہیں اگر کوئی شادی ہال اور ریسٹورنٹ میں لوگ بغیر ویکسین کے موجود ہوئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تکلیف سے بچنے کے لیے قریبی سینٹر سے جلداز جلد ویکسین لگوائیں اور اپنا ویکسینیشن کارڈ اپنے پاس رکھیں۔انہوں نے کہا کہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں جنہوں نے کروناحفاظتی ٹیکے نہیں لگائیں اور بغیر ویکسین کے مسافروں کو لے جانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے اور داخلے پر پابندی پر ہرصورت عمل درآمد کروایا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے