گوڈ گورنینس کو قائم رکھنے میں افسران کا کردارکلیدی ہے، گورنر بلوچستان سید ظہورآغا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ معاشرے کے صاحب اختیار اور ذمہ دار افراد میں اپنی احساس ذمہ داری سے غفلت سب سے بڑی تباہ کن سوچ ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض سرکردہ افراد اپنے حقیر ذاتی مفاد کے حصول کیلئے مفاد خلق اور پورے اجتماعی نظام کو داو پر لگا دیتے ہیں۔صوبے میں گوڈ گورنینس کو قائم اور برقرار رکھنے کیلئے تمام سرکاری آفیسرز بلا امتیاز بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں عبدالمالک خان کاکڑ کی قیادت میں بلوچستان سول سیکریٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات میں بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز کو درپیش مشکلات، وفاق میں بلوچستان کیلئے مختص کوٹہ پر تعینات ہونے والے جعلی ڈومیسائل کی منسوخی کے عمل کو تیز کرنے، وفاق اور صوبوں کے درمیان ملازمین میں توازن قائم کرنے کے امور زیر غور آئے. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلط روایات اور فرسودہ طریقہ کار کے مکمل خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے ہونگے. اس ضمن میں ہر آفیسرکو کسی دباؤ میں آنے کی بجائے ایک سچے خادم کی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرنا چاہیے۔ گورنر ظہور احمد آغا نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ تمام سرکاری آفیسر ز عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہوتے ہیں. گڈ گورننس قائم کرنے اور معاشرے کو ناجائز سفارشوں اور کرپشن سے پاک رکھنے میں آفیسرز حضرات اپنا کردار ادا کریں۔ گورنر بلوچستان نے بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز کو ان کے تمام قانونی حقوق دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔