حکومت دھرنادینے والوں کیساتھ قانون کے مطابق نمٹے، جسٹس نعیم اختر افغان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج اور ریلی نکالنے پر شدید اظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے آپ کو احتجاج کرنے سے منع کیاتھا،آپ پھر ایساکیوں کررہے ہیں، یہ طریقہ نہیں چلے گا،ہمیں آپ کی کوئی ضرورت نہیں،ہم نے آپ کو بہت موقع دیا،لیکن آپ بات تسلیم نہیں کررہے، آپ ڈاکٹری چھوڑ کر،جوتوں کی دوکان کھول لیں، چیف جسٹس نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ دھرنادینے والوں کیساتھ قانون کے مطابق نمٹے یہ ریمارکس اور حکم چیف جسٹس ہائی کورٹ نے سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی سیمتعلق درخواست کی سماعت کے دوران دیا،درخواست کی سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اورجسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل بنچ نے کی،عدالت میں محکمہ صحت کے حکام اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے موجود تھے عدالت نے ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کے احتجاج اور ریلی نکالنے پر شدید برہمی کااظہارکیااور کہا کہ آپ بھلے آئندہ سماعت پرعدالت نہ آئیں،جسٹس نعیم اختر افغان نے ینگ ڈاکٹرزسے استفسار کیا کہ کیا یہ دھرنا آپ نے دیا ہوا ہے،جس کی وجہ سے شہر بھرکے لوگوں کو تکلیف کاسامناہے؟اس پر وائی ڈی اے کے نمائندے نے کہا کہ یہ دھرنا وائی ڈی اے نے نہیں دیا،تاہم اس میں ڈاکٹرز ہیں،اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر یہ دھرنا آپ کا ہے تومیں ابھی آپ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرتاہوں،ان کا یہ بھی کہناتھا کہ ہم نے آپ کو بہت موقع دیا،لیکن آپ بات تسلیم نہیں کررہے آپ ڈاکٹری چھوڑ کر،جوتوں کی دوکان کھول لیں آپ لوگوں کا یہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی تجاویز کے حوالے سے حکومت سے پوچھیں گے کہ وہ کیاکررہی ہے۔