ڈیرہ مراد جمالی، سات کلو میٹر نئی گیس پائپ لائن کی تنصیب کا منصوبہ جلد شروع کردیا جائیگا ، مدنی صدیقی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی بلوچستان مدنی صدیقی نے کہا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی شرقی میں سات کلو میٹر نئی گیس پائپ لائن کی تنصیب کا منصوبہ جلد شروع کردیا جائیگا تیکنیکی بنیادوں پر ٹھیکہ دار کو ایوارڈ کیا گیا یہ ٹھیکہ منسوخ کردیا گیا ہے اور اب کمپنی خود اس منصوبے پر کام کریگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف ایسٹ بلوچستان کے جنرل سیکریٹری میر شوکت علی بنگلزئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میر شوکت علی بنگلزئی نے جی ایم سوئی سدرن کو ڈیرہ مراد جمالی شرقی میں گیس پریشر میں کمی اور صارفین کو درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی بلوچستان مدنی صدیقی نے کہا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی شرقی میں گیس سے متعلق دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی گیس پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ منظور ہوچکا ہے اور اب کمپنی نے اس منصوبے پر از خود کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ہیڈ کوارٹر سے ضروری اجازت کے بعد جلد ہی ہیوی مشینری ڈیرہ مراد جمالی شرقی پہنچا دی جائیگی اور بلا تعطل منصوبے پر کام شروع کردیا جائیگا جس سے شرقی کے عوام کو گیس سے متعلق مسائل سے نجات مل جائیگی انہوں نے کہا کہ نئے پائپ لائن منصوبے سے قبل شرقی ڈیرہ مراد جمالی میں ہنگامی بنیادوں پر گیس پریشر میں اضافے کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کردی گئی ہے اور کمپنی کی کوشش ہوگی کہ جس قدر ممکن ہوسکے موجودہ لائن سے پریشر میں درستگی لائی جائے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں اس منصوبے کی نگرانی ذاتی طور پر کروں گا انہوں نے بتایا منصوبے میں تعطل کی وجوہات کچھ ٹیکنیکل معاملات تھے جن پر فیصلہ کرلیا گیا ہے سوئی سدرن گیس کمپنی ڈیرہ مراد جمالی میں منظور ہونے والے اس منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور انشاء اللہ جلد ہی کمپنی کی طرف سے یہ منصوبہ شروع کر دیا جائیگا میر شوکت علی بنگلزئی نے جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سائٹ پر عمل درآمد کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا