نوجوان صرف ہمارے روشن مستقبل کے معمار نہیں ہیں بلکہ وہ ہمارے حال کے بھی شراکت دار ہیں، گورنربلوچستان سید ظہورآغا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ آج کے نوجوان صرف ہمارے روشن مستقبل کے معمار نہیں ہیں بلکہ وہ ہمارے حال کے بھی شراکت دار ہیں لہٰذا ان کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے، اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور انکے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھانا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے گورنر بلوچستان نے کہا کہ پنجاب کے اچھے تعلیمی اداروں میں صوبے بھر کے طلباء و طالبات کیلئے سکالرشپ کی بحالی کے علاوہ اس میں وقت کے ساتھ مزید وسعت پیدا کرنا بھی ضروری ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل کی قیادت میں طلباء و طالبات کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبہ بھر کے طلباء و طالبات کے تعلیمی ذوق وشوق کو سراہتے ہوئے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی تعلیم سے گہری دلچسپی ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے. وہ تمام طلباء لائق تحسین ہیں جو والدین کے خوف یا کسی مجبوری کی بجائے اپنی ذاتی دلچسپی اور شوق سے تعلیم حاصل کرتے ہیں. انہوں نے اس بات پر یقین کا اظہار کیا کہ ملک کے دیگر صوبوں بالخصوص پنجاب کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد یہی اسٹوڈنٹس ملک وصوبے کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کریں گے. گورنر بلوچستان نے تعلیمی مسائل کے حل کے حوالے سے وفد کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے