ایف سولہ طیارہ گرانے کا بھارتی دعوی بےبنیاد، من گھڑت ہے : پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ ایف سولہ طیارہ گرانے کا بھارتی دعوی بےبنیاد، من گھڑت ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دینا اپنی عوام کو خوش کرنا اور خفت مٹانا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی پائلٹ کی گرفتاری سے پہلے ایف 16جہاز گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے، ابھینندن کو ایوارڈ دینے کا مقصد بھارتی عوام کی اصل حقائق سے توجہ ہٹانا ہے۔
پاکستان نے بھارت کے فروری 2019 کے ایف سولہ گرانے سے متعلق دعوے کو پھر مسترد کر دیا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو 2 بھارتی جہازوں کو دن میں مار گرایا تھا، ایک بھارتی مگ21 طیارہ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں تباہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تباہ شدہ بھارتی طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑا، پھر جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا، پائلٹ کو واپس بھیجنا دلیل ہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود پاکستان امن کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی ماہرین، امریکی حکام نے تصدیق کی کہ اس دن پاکستان کا کوئی ایف سولہ طیارہ نہیں گرا، بین الاقوامی اور امریکی ماہرین نے ایف 16 طیاروں کے اسٹاک کا بغور جائزہ لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی اصولوں اور اقدار کے منافی ہے،شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے