بلوچستان میں پانی کی دستیابی کو ممکن بنانے کے لیے ڈیمز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پانی کے استعمال کو بہتر کرنا ہوگا، حاجی محمد خان لہڑی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی نے کہاہے کہ آبپاشی کے نظام کی بہتری اور زراعت کے لئے پانی کی بروقت فراہمی سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور لوگوں کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتاہے۔ صوبے میں پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے تمام چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر بروقت مکمل کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری ایریگیشن علی اکبر بلوچ کی جانب سے محکمانہ کارکردگی اور منصوبوں پر کام کی پیش رفت سے متعلقہ بریفنگ کے موقع پر کیا۔صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے قدرتی وسائل اور افرادی قوت پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ پانی کی دستیابی، زراعت کے فروغ اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے صوبے میں ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کو سائنسی بنیاد پر نہایت جدید طریقوں سے ڈراپ اور ٹریکل ایریگیشن سے سیراب کیا جائے تاکہ کم پانی سے زیادہ فصلیں حاصل کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ زیر کاشت رقبے میں اضافہ کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں اس حوالے سے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کی دستیابی کو ممکن بنانے کے لیے ڈیمز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پانی کے استعمال کو بہتر کرنا ہوگاتاکہ قیمتی اور نایاب پانی کے ضیاع کو روکا جاسکے۔اس موقع پر سیکرٹری ایریگیشن علی اکبر بلوچ کی جانب سے محکمے کی کارکردگی،نئے اور جاری منصوبوں پر کام کی پیش رفت اور دیگر امور سے متعلق تفصیلا بریفنگ دی گئی۔