عمران خان نے کہا تھا ٹیکسوں میں اضافہ، بجلی مہنگی ہو تو سمجھو وزیراعظم چور ہے، حافظ حمداللہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ قانون سازی میں شفافیت نہ ہو تو الیکشن کس طرح شفاف ہوسکتے ہیں۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈیم ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کے دن سینیٹ کا اجلاس ہوا رولز کو پاؤں تلے دبا دیا گیا، ڈنڈے کے زور پر غیر قانونی اور غیر آئینی قانون سازی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس قانون کو یکسر مسترد کرتے ہیں، اس قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجو ع کریں گے، پارلیمنٹ کی تاریخ میں 17نومبر سیاہ ترین دن تھا۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ قانون سازی میں شفافیت نہ ہوتو الیکشن کس طرح شفاف ہوسکتے ہیں، آپ نے اپوزیشن جماعتوں سے کسی سے نہیں پوچھا، کیا اپوزیشن جماعتوں نے کروڑوں ووٹ نہیں لئے پی ڈی ایم 22کروڑ عوام کی ترجمان بن چکی ہے۔پی ڈیم ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام سے اپیل کرتے ہیں نا اہل حکومت کے خلاف باہر نکلیں، حکومت ایک موزی بیماری کی شکل اختیار کرچکی ہے، الیکشن کمیشن نے آپ کو سفارشات دیں تو آپ نے ان کو گالیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن پکڑا گیا تو قوم کو امید تھی کہ اسے پھانسی ہوگی، انہوں نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال دیا، آپ نے ٹرمپ کے کہنے پر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈالا۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ 17نومبر کو کلبھوشن کی رہائی کیلئے قانون سازی ہوئی، عمران خان خود کلبھوشن کے وکیل بن گئے ہیں، آپ نے کلبھوشن کو این آر او دیا ہے، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی شہادت ہورہی ہے۔
پی ڈیم ایم کے ترجمان نے کہا کہ مہنگائی آسمان کی بلندیوں کو چھورہی ہے، مہنگائی کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا ہے، عمران خان کو ان کی پرانی باتیں یاد کروانا چاہتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کہتے تھے جب تیل اور ڈالر مہنگا ہو تو سمجھو وزیراعظم چور ہے، عمران خان نے کہا تھا ٹیکسوں میں اضافہ، بجلی مہنگی ہو تو سمجھو وزیراعظم چور ہے۔