شہد خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے ہمیشہ غیر آئینی،غیر جمہوری اور عوام دشمن قوتوں کیخلاف جدوجہد کرتے ہوئے ہر آمر کیخلاف حق کا علم بلند رکھا،پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ شہد خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے روز اول کے جدوجہد سے لیکر آج تک پشتونخوامیپ نے ہمیشہ غیر آئینی،غیر جمہوری اور عوام دشمن قوتوں کیخلاف جدوجہد کرتے ہوئے ہر آمر کیخلاف حق کا علم بلند رکھا،قومی اہداف کے حصول کیلئے خان شہید ہی کے تعین کیئے گئے قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کی راہ کو اپنانی ہوگی، پشتونخوامیپ کی تاریخ طویل جدوجہد اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے،پارٹی سالار شہدا خان شہید اور تمام شہدا کے ملی ارمانوں کی تکمیل کیلئے اپنی قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کو مزید تیز کریگی۔پارٹی کارکن 2دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی48ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے عظیم الشان جلسہ عام کی بھرپور تیاریاں کریں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس جلسہ عام میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے،علاقائی سیکرٹری عبدالعلی اچکزئی، حاجی عبدالرشید، عبید اللہ توخئی نے سریاب علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام بڑیچ آباد،بریشنا یونٹ کے ماہانہ اجلاس، پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز عبدالمجید خان اچکزئی، سید شراف آغا، ضلعی معاون وعلاقائی سیکرٹری شیخان نظام عسکر، سینئرمعاون سیکرٹری سابق کونسلر نیاز بڑیچ نے شیخان میں اولسی جرگے، مجید خان اچکزئی، سید شراف آغا،کبیر افغان، سلیمان ترین وطنپال نے سرکی کلاں علاقائی کمیٹی کے توسیع اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید نے برصغیر ہند اور پشتونخوا وطن پر فرنگی استعماری قبضے کے تاریک دور میں زمانہ طالب علمی سے حق کی آواز بلند کرکے سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا جو فرنگی قبضے کے خاتمے اور پشتونخوا وطن سمیت برصغیر ہند کے کروڑوں عوام کی آزادی کا ذریعہ بنا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے جن گھمبیر حالات میں فرنگی سامراج کیخلاف جدوجہد کا علم بلند کیا اور ملکی آمر حکمرانوں کیخلاف قید وبند کی صعوبتوں اور قربانیوں سے لبریز جدوجہد کی اس کا تصور بھی اب ناممکن ہے۔مقررین نے کہا کہ ملک پر موجودہ سلیکٹڈ حکومت نے آمریت کی بدترین مثالیں قائم کردی ہیں ملک میں اس وقت سویلین مارشل لاء نافذ ہے اور عوام کو کسی بھی شعبے میں جینے کا حق نہیں دیا جارہا ہے اور قدرت کی جانب سے اقوام کو دیئے گئے قدرتی وسائل پر غاصبانہ قبضہ کررکھا گیا ہے لیکن پشتونخوامیپ ہر شعبے میں عوام دشمن پالیسیوں و عوام دشمن اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کریگی اور اس کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کریگی۔ مقررین نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے ملک کو تباہی کی جانب دھکیلنے کیخلاف ملک کی اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل ایک سیاسی جمہوری تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بنی جس کے 26نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد سے ہی یہ ملک او ر اس کے عوام جہاں سلیکٹڈ نااہل ناکام مسلط حکمرانوں سے نجات حاصل کرسکیں گے وہی دوسری جانب ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے جس کیلئے ہمارے عوام نے پی ڈی ایم کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔کیونکہ مزید ان نااہلوں کو برادشت نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے اپنی ناکامی کے سارا غلبہ عوام پربدترین مہنگائی وسخت ترین بیروزگاری کی شکل میں ڈال دیا ہے اپنی کرپشن وکمیشن کیلئے غریب عوام پر آئے روز ٹیکسز کے نفاذ اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت بجلی، گیس، چینی، آٹا، گھی سمیت مختلف اشیاء خوراک واشیاء ضروریات کی چیزوں پر بے تحاشا اضافہ کررہے ہیں۔مقررین نے ضلع کوئٹہ کے تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ2دسمبر کو ہونیوالے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرکے وطن دوستی، قوم دوستی، جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے