وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت عوام الناس کو بنیادی ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے برسرپیکار ہے ٗسردار عبدالرحمٰن کھیتران

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمٰن کھیتران کی زیر صدارت محکمہ کی کارکردگی اور فیوچر پلان سے متعلق اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا اجلا س میں دونوں محکمہ جات (املاک مواصلات)کی کارکردگی،مختلف ترقیاتی منصوبوں کے تحت جاری اسکیمات،املاک اور سڑکات کی تعمیر و مرمت کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ وزیر اعلی میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت عوام الناس کو بنیادی ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے برسرپیکار ہے جس کے لیے آفیسر ان پوری ایمان داری اور فرض شناسی کے تحت اپنے فرائض سر انجام دیں انہوں نے کہا کہ قلی کی پوسٹ پر تعینات محکمہ کے 13000 ملازمین کو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے گا اب تنخواہ صرف ان کو ملے گی جو فرض شناسی سے کام کریں گے انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں جاری تمام ترقیاتی اسکیمات میں بہترین اور اعلی میٹریل کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین اور دیرپا سہولیات میسر آسکیں صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی ترجیحات کا محور ہے جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا جبکہ محکمہ کے مونیٹرنگ نظام کومضبوط کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اس بابت لیبارٹری ٹیسٹ کوبھی ضروری قرار دیتے ہوئے محکمہ کے ہر ایکسین کو ماہانہ 30 اسکیمات کا وزٹ کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تاخیر اور بے قاعدگیوں کو روکا جا سکے صوبائی وزیر نے صوبہ کے تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو ان ترقیاتی اسکیمات کی رفتار تیز کرنے سمیت کوالٹی پر خصوصی توجہ دینے اور انہیں مقررہ وقت(ٹائم فریم)میں مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں کی حدود میں عمارتیں اور ہاؤسنگ اسکیمات بنانے پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کے لیے غیر ضروری بجٹ تخمینے کی حوصلہ شکنی کی جائے سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ ترقی کے منتظر سینئر آفیسر ان کی سینیارٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے