انتخابی اصلاحات سے جمہوریت مضبوط ہو گی،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں حکومت اور اتحادیوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی ملک کی پارلیمانی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ای وی ایم سے شفاف انتخابات میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں اس کامیابی سے ووٹ کو حقیقی عزت ملے گی اور یہ پاکستانی عوام کے لئے بڑی کامیابی ہے اس کامیابی سے ٹھپہ مافیا ہار گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے سے جمہوریت مضبوط ہو گی اور وہ ملکی ترقی میں بہتر طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی مضبوط اتحادی پارٹی ہے۔ ہمارے پارٹی ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ نے حکومتی اصلاحات کے حق میں ووٹ دیئے اور آئندہ بھی ہر اچھے اقدام اور جمہوریت کی بہتری اور مضبوطی کے لئے ہر حکومتی فیصلے کی حمایت کرتی رہے گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں حکومتی اصلاحاتی بلوں کی منظوری پر وزیراعظم اور اتحادی جماعتوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت اور اتحادیوں کی بڑی فتح و کامیابی ہے۔انتخابی اصلاحات کے بل کی منظوری سے آج جمہوریت کی جیت اور ٹھپہ مافیا کی شکست ہوئی ہے۔ انتخابی اصلاحات کے بل کی منظوری کے بعد ووٹنگ کا پرانا سسٹم ختم ہو گیا ہے اور دھونس دھاندلی اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کے استعمال سے حاصل کئے گئے ووٹوں سے جیت کر آنے والے عناصر کا راستہ ہمیشہ کے لئے روک دیا گیا ہے اس سے منفی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گی۔ ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کا عمل صاف شفاف ہوگا اور عوام اپنا حق رائے دہی بغیر کسی خوف کے استعمال کر سکیں گے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہوں گے۔ اپوزیشن ای وی ایم کے معاملے پر اس لئے شور کر رہی ہے کہ پرانے ووٹ ڈالنے کے سسٹم کے خاتمے سے ان کے غلط راستوں سے حکومت میں آنے کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی بڑے اور ترقی یافتہ ممالک میں ای وی ایم کا استعمال کامیابی سے چل رہا ہے اور وہاں کوئی اعتراض نہیں کرتا اور سب رزلٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کے ذریعے صاف و شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اوراپوزیشن کو بھی مثبت انتخابی اصلاحات کو تسلیم کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور ملک و صوبہ میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔