صحت مند انسان ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں، گورنربلوچستان سید ظہورآغا

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے انسداد خسرہ وروبیلاکی قومی کے مہم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صحت مند انسان ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ عوام میں صحت و صفائی سے متعلق احساس و شعور اجاگر کیا جائے. اس کے علاوہ ہر سطح پر موذی امراض کے انسداد کیلئے مہمات کا انعقاد بھی اشد ضروری ہے۔ عوام کو اْن کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے حکومت نے شعوری کاوشیں کر رکھی ہیں. سردست ان بھرپور اقدامات سے کروڑوں لوگ مستفید بھی ہو رہے ہیں. ہیلتھ کارڈ بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے. اسی طرح خسرہ اور روبیلا کے تدارک کیلئے ملکی سطح پر مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جسے کامیاب بنانے کیلئے معاشرے کے تمام مکاتب فکر کو اپنا متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایک دوسرے کا خیال رکھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ایک صحتمند اور مہذب معاشرہ تشکیل نہ پا سکے، ریاست کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبے میں جہاں تک ممکن ہوسکے سہولیات فراہم کرے۔ بچے ہمارے ملک و قوم کے مستقبل کے معمار ہیں جن کو متعدی امراض سے بچانا ریاست کی ذمہ داری ہے اسطرح وقتاً فوقتاً مختلف مہمات شروع کی جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں 15 نومبر سے 27 نومبر تک 12 روزہ خسرہ اور روبیلا مہم شروع کی جا رہی ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور اس مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون درخواست کی گئی ہے۔ ہم مشترکہ کاوشوں سے ہی ایک صحت مند مسقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے