بلوچستان کے لوگوں کی زندگیوں کوبہتر بنانے کے لیےآؤٹ آف دی باکس حل تلاش کرنا ہوں گے، عمران خان

اسلام آباد/کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں کیونکہ اس کی آبادی پھیلی ہوئی ہے اور طویل فاصلوں کی وجہ سے ہمیں بلوچستان کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے آؤٹ آف دی باکس حل تلاش کرنا ہوں گے،بلوچستان حکومت اپنے گورننس ڈھانچے کو نچلی سطح پر از سر نو تشکیل دے تاکہ نہ صرف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے بلکہ عام آدمی تک خدمات کی فراہمی کو بھی بہتر بنایا جائے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کوجنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج پر پیش رفت سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وزیر توانائی محمد حماد اظہر، وزیر صنعت مخدوم خسرو بختیار، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی، وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتاری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایک سال میں ایپکس کمیٹی کا صرف ایک اجلاس ہوا وزیر اعظم نے655 ارب روپے کے 200 ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر پندرہ دن میں ایگزیکیوشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا انہوں نے ہدایت دی کہ تربت ایئرپورٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور گوادر اور تربت میں 02 نرسنگ کالجز جلد از جلد تعمیر کیے جائیں وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وہ ذاتی طور پر ہر ماہ جائزہ کمیٹی کے اجلاس منعقد کریں گے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں کیونکہ اس کی آبادی پھیلی ہوئی ہے اور طویل فاصلوں کی وجہ سے ہمیں بلوچستان کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے آؤٹ آف دی باکس حل تلاش کرنا ہوں گے انہوں نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، وزارت توانائی، وزارت سمندری امور اور حکومت بلوچستان کو پیکج کے تحت ٹرانسپورٹ، توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کے لیے رابطہ کاری سے کام کریں قبل ازیں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے کیونکہ یہ ملک میں مقامی طور پر پیدا ہونے والی گیس کا 40 فیصد پیدا کرتا ہے وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گورننس ڈھانچے کو نچلی سطح پر از سر نو تشکیل دے تاکہ نہ صرف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے بلکہ عام آدمی تک خدمات کی فراہمی کو بھی بہتر بنایا جائے انہوں نے متعلقہ حکام کو بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی اقدامات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ عوامی آگاہی کو یقینی بنانے کے لیے ایک موثر میڈیا مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے