گیس بلوں میں مختلف ناجائز نارواٹیکسز قابل مذمت حکومتی لوٹ مار کے مترادف ہے ٗمولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ گیس بلوں میں مختلف ناجائز نارواٹیکسز قابل مذمت حکومتی لوٹ مار کے مترادف ہے موجودہ حکمرانوں نے ظلم کی انتہا کی کردی ہے۔بھاری سودی قرضے،بدعنوانی،مہنگائی نااہل ناکام حکومت کے کارنامے ہیں۔خوردنی اشیاء، پٹرول کی قیمتوں میں ہر ہفتہ اضافہ نے غریب کم آمدنی والوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔خوردنی اشیاء،پٹرول،بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافہ قابل مذمت ہے۔ بجلی کی قیمت 2.52روپے فی یونٹ اضافے سے صارفین پر 30ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔حکومت نرخوں میں 52فیصد تک اضافہ کرچکی ہے۔ تبدیلی کے دعویداروں نے بے حسی کی آخری حدیں بھی عبور کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں حکومت کو اکثریت ثابت کرنے میں ناکامی، حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔حکومت کے اپنے لوگ اور اتحادی بھی تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن نظر نہیں آتے۔ پاکستان سنگین بحرانوں کی زد میں ہے جو کہ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی اور نا تجربہ کاری کے باعث درپیش ہیں۔ جب تک تحریک انصا ف کی حکومت کو گھر نہیں بھیج دیا جاتا اس وقت تک معاشی استحکام نہیں آسکتا۔ ان ظالم حکمرانوں کو عوام کے دکھ، درد کا کوئی احساس ہی نہیں۔ ملک و قوم کو درپیش حالات پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کرنے والوں نے ملازمین کو فارغ کرنا شروع کردیا ہے۔ تین سال گزرنے کے باو جود وفاقی حکومت کے ماتحت پچاس سے زائد ادارں اور کمپنیوں کے سربراہان کی تقرری کا عمل مکمل نہیں کیا جاسکا۔ متعلقہ ادارے سربراہان کے بغیر کام کررہے ہیں۔ اسلامی قوانین، تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت قوانین پاکستان کے آئین کے مطابق ہیں۔ پاکستان میں قادیانیوں کو اُن کے خلاف اسلام عقائد کی بنیاد پر پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر غیر مسلم قراردیا ہے۔پاکستان کی تمام دینی جماعتیں اسلامی قوانین، اسلامی تہذیب و اقدار کی حفاظت اور پاکستان کی تمام اقلیتوں کے مذہبی انسانی،معاشرتی اور بنیادی حقوق کی حفاظت کے لیے یک آواز ہیں۔ حکومت مستقبل میں اقتصادی خطرات کے خوف پر غیرت ایمانی کا سودانہ کرے، پوری قوم متحد ہو کر اقتصادی بحران کامقابلہ کرے گی۔ مغربی دنیا عالم اسلام کے مذہبی، دینی، تہذیبی اقدار سے کھیلنے کا شیطانی کھیل بند کرے عالمی استعماری لادین یلغار کاڈٹ کر مقابلہ کیاجائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے