بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان سے اسلا آباد میں ملاقات
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات جاری ہے۔ بلاول بھٹو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے اسلا آباد میں ان کی رہائشگاہ پر گئے ہیں۔یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ بھی بلاول کے ساتھ ہیں۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت 30 بلز منظور کرانے کی خواہاں ہے جب کہ اپوزیشن جماعتیں حکمت عملی ترتیب دے رہی ہیں کہ حکومتی مرضی و منشا سے قانون سازی نہ ہونے دیں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے ایک بار پھر متحد ہونے کی کوشش کر رہی ہیں اور اس سلسلے میں ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے گزشتہ دنوں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کو عشائیے پر بلایا تھا۔
اپوزیشن چاہتی ہے کہ قومی اسمبلی میں نیب آرڈیننس اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے متعلق بلز کو ناکام بنایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں متحد ہیں۔