پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے ،میر چنگیز خان جمالی

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پیپلز انجینئرز فورم کو بلوچستان بھر میں فعال و منظم کیا جائے گا اور انجینئرز کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے،پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیانیہ سے ہی قوم کو سلیکٹ ڈ وزیراعظم عمران نیازی سے نجات ملے گی وزیراعظم پارلیمنٹ میں اکثریت کھو چکے ہیں انہیں اخلاقی طور پر اقتدار سے الگ ہوجانا چاہئے۔ یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی،صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے پیپلز انجینئرز فورم بلوچستان کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اجلاس میں انجینئرز فورم بلوچستان کے رہنماؤں انجینئر علی احمد موسیانی، انجینئر عجب خان، انجینئر سجاد شاہ، انجینئر اسرار کاکڑ،انجینئر ہمایون خان بازئی،انجینئر تاج الدین کاکڑ، انجینئر صلاح الدین، انجینئر محمد نسیم، انجینئر محمد اشرف کاکڑ،پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک زیشان حسین،میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی، صوبائی رہنما قاسم اچکزئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی قیادت نے پیپلز انجینئرز فورم بلوچستان کے رہنماؤں سے تنظیمی عہدیداروں کی تقرری پر مشاورت کی اور تجاویز لیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی رہنماوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیمیں پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جنہیں فعال اور منظم کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں پیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیموں کی ازسرنو تنظیم سازی جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز انجینئر فورم کے عہدیدار اور کارکن پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیانے کو گھرگھر پہنچائیں اور پارٹی کی فعالیت میں اپنا بھر پور کردارادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی ہے اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی ہے نااہل حکومت مافیا کے خلاف بے بس نظر آتی ہے جبکہ ملک میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے جس سے غریب طبقہ پریشانی سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے کشکول توڑنے کی بجائے قوم کو مزید مقروض بنادیا ہے اورسارا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم ایک پیج پر ہے کہ اس سلیکٹڈ حکومت کو گھر جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی دن میں دو مرتبہ ووٹنگ میں شکست دی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم قومی اسمبلی میں اعتماد کھوچکے ہیں انہیں اخلاقی جرات کا مظاہرہ اور عوام پر رحم کرتے ہوئے اقتدار سے الگ ہوجانا چاہئے بصورت دیگر انہیں عوام دھکے دیکر اقتدارسے الگ کردیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے