وفاقی محتسب کے حکم پرایک سال قبل بطور اسپورٹس مین آرڈرز ہونے کے باوجود تعیناتی کے منتظر کو انصاف مل گیا
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) وفاقی محتسب کے اعلامیہ کے مطابق کوئٹہ شہر کے علاقے کلی مبارک اسپنی روڈ کے رہائشی نعمان احمد نے وفاقی محتسب کو درخواست دی کہ وہ ایک گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ہے اور اپنے صوبے اور شہر کے لئے درجنوں اعزازات جیت چکے ہیں اور یہ کہ ایک سال قبل پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی کی جانب سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ان کے تعیناتی کی منظوری کے باوجود تعیناتی کے احکامات جاری نہیں کئے گئے اس سلسلے میں درخواست گزار نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مجاز حکام سے کئی بار رابطہ کیا اور اپنی تعیناتی کے سلسلے میں بات چیت کی مگر یہ سلسلہ بات چیت سے زیادہ آگے نہیں بڑھ سکا غرض تمام رابطے، ملاقاتیں اور سلسلے بے سود ثابت ہوئے۔تمام جانب سے مایوس ہونے کے بعد درخواست گزار نے وفاقی محتسب اور ان کے ادارے سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کا یہ فیصلہ ضائع نہیں ہوا بلکہ رنگ لے آیا وفاقی محتسب نے ان کی درخواست پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مجاز حکام کو درخواست گزار نعمان احمد کے تعیناتی کے احکامات جاری کرنے کا حکم دیا جس کے جواب میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مجاز حکام نے وفاقی محتسب کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے درخواست گزار نعمان احمد کے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بطور اسپورٹس مین تعیناتی کے احکامات جاری کردیئے۔ بروقت کارروائی اور انصاف ملنے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب اور ان کے ادارے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔