نو منتخب وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، ثمینہ ممتاززہری
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) کنوینیئر ذیلی کمیٹی برائے وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کی نئی کابینہ کوحلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور ان کے ساتھی وزراء بلوچستان کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی سے تعلق رکھنے والے نو منتخب وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو خلوص نیت سے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور وہ بلوچستان کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو عوام کے مسائل پر حقیقی معنوں میں توجہ دے کر مسائل حل کرنے اور ان عوامی ترقیاتی منصوبوں کو تکمیل تک پہنچا کر عوام کو سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے حتیٰ الوسع کوششیں کریں گے۔وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لئے بلوچستان کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کے لئے بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کے ثمرات عوام کوجلد ملنا شروع ہو جائیں گے۔صوبائی حکومت کی کوششوں سے عوام کو پینے کے صاف پانی، تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات عوام تک پہنچانے کے لئے تیزی سے کام جا رہی ہیں بلوچستان کے عوام صوبے سے محبت کرتے ہیں اور بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجوکے اٹھائے گئے اقدامات کوبلوچستان کے عوام میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور انہیں سراہا جارہا ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں پارٹی ایک پیج پرمتحد ہے اوروزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجوکی قیادت میں بلوچستان ترقی و خوشحالی کی جانب تیزی سے گامزن ہوگا۔