ہمارے معاشرے میں خواتین کو قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ان کی عزت اور ناموس کوفوقیت دی جاتی ہے، سہیل الرحمن بلوچ
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ان کی عزت اور ناموس کو فوقیت دی جاتی ہے۔خواتین اور بچوں کو جسمانی طور پر ہراساں کئے جانے کے واقعات کی موثر روک تھام اور خواتین کوتحفظ کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں، اس حوالے سے قانون پر ہرصورت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی محتسب بلوچستان انسداد ہراسگی سیل کے سربراہ ڈاکٹر صابرہ اسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شیر علی مری،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہیل صلاح الدین اور دیگر سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ہراسگی کے واقعات کے تدارک کے لئے خصوصی سیل قائم کئے گئے ہیں،خواتین کی ہراسگی کے خلاف زیرہ ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اس حوالے سے خواتین میں ہراسگی کے خلاف اعتماد اور آگہی سے ان واقعات کی تعداد میں کمی واقع ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہراسگی ایک ناقابل برداشت عمل ہے جس کی روک تھام کے سلسلے میں تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے،محکمے اور کام کی جگہ پر ہراسگی کی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس سلسلے میں قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں ہراسگی کے واقعات کی روک تھام اور خواتین اور بچوں کو تحفظ کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ہراسمنٹ ایکٹ کی روشنی میں ہراسگی کے واقعات کے خلاف موثر لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہراسگی ایکٹ میں شامل مختلف شقوں پر بلوچستان میں عملدرآمد کیا جارہا ہے اور بلوچستان کی روایات کے تحت چادر اور چاردیواری کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے، ہراسگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے یقین دہا نی کرائی گئی۔