ملک کیلئے ہزاروں ارب روپے کے پیکیج کے اعلانات لالی پاپ ثابت ہوئے، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع،جنرل سیکرٹر ی سید آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں، عوام کو لالی پاپ نہیں بلکہ عمران خان سے حساب چاہیے،تحریک انصاف والے جھوٹے ہیں یہ ریلیف کے نام پر تکلیف دیتے ہیں صوبائی سیکرٹری اطلاعات دلاور خان کاکڑ کے گھر پر حملہ ایک سازش ہے اس سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے دلاور کاکڑ نے ہمیشہ ضلع زیارت میں اپنا کردار ادا کیا ہے چاہے وہ سیاسی حوالے سے ہو یا قبائلی حوالے سے ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت کے ذمہ داران و کا رکنا ن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم مہنگائی کے خلاف میدان میں نکلے ہیں جب تک سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ہم چھین سے نہیں بیٹھیں گے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف والے جھوٹے ہیں، یہ ریلیف کے نام پر تکلیف دیتے ہیں عمران خان جھوٹ پر جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں،ملک کیلئے ہزاروں ارب روپے کے پیکیج کے اعلانات لالی پاپ ثابت ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے 3سال میں 15000ارب قرض لیں تو مہنگائی اور بے روزگاری تو ہوگی، جو عوام کو ریلیف نہیں دے سکتا وہ حکومت بھی نہیں کرسکتا، ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی، یہ حکومت عوام کی گردن پر چھری چلا کر کہتی ہے کہ ریلیف دے رہے ہیں، قوم کو یہ سبق یاد ہوچکا ہے کہ مہنگائی بڑھتی ہے تو وزیراعظم چور ہے، آئی ایم ایف سے سبسڈی ختم کرنے کا وعدہ کرنے والی حکومت 120 ارب سبسڈی پیکج دینے کا دھوکہ دے رہی ہے، یہ پیسہ کہاں سے آئے گا؟ کیسے خرچ ہوگا؟ 1200 ارب کورونا اور کراچی پیکیج کے پیسوں پر سنگین سوالات پر کوئی جواب نہیں۔ آئی ایم ایف سے کیا شرائط طے ہو رہی ہیں، پارلیمنٹ سے کیوں چھپایا جا رہا ہے؟