چمن بارڈر کے کھلنے سے پریشان حال مسافر، مریضوں، تاجروں کی مشکلات میں کمی ہوگی، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے پاک افغان سرحد کو تجارت اور آمد و رفت کے لئے کھولنے کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چمن بارڈر کے کھلنے سے ایک ماہ سے پریشان حال مسافر، مریضوں، تاجروں کی مشکلات میں کمی ہوگی، بلوچستان کے ایران کے ساتھ منسلک بارڈر بھی کھولے جائیں، یہ بات انہوں نے منگل کو وارث خان اچکزئی، نسیم خان اچکزئی، عبدالوہاب اٹل،سید احمد جان آغا سمیت دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاک افغان سرحد کی بندش کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے روزگار تھے ساتھ ہی مسافروں اور مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا تھا سرحد کے دونوں اطراف رشتے داریاں ہیں لوگ آمد و رفت کرتے ہیں جس کے معطل ہونے کی وجہ سے عوام میں بے چینی پائی جاتی تھی تاہم پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان معاملات طے پا جانے کے بعد سرحدکا کھلنا خوش آئند ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مشکل وقت میں افغانستان کا سہارا بن کرکے اسے مشکل وقت سے نکالنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں دونوں ممالک کے حکام ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں تو سرحد کے دونوں اطراف کے عوام کی بہتر ی ہوگی،انہوں نے کہا کہ پاک ایران سرحدی علاقوں کی بندش کی وجہ سے بھی ہزاروں نوجوان بے روزگار ہیں اور انتہائی قسم پرسی کی زندگی گزار رہے ہیں بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں روزگار صرف بارڈر ٹریڈ ہے جو بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کے حالات بہت خراب ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایران کے ساتھ بند سرحدوں کو کھولنے کے لئے بھی عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ صوبے میں پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے