وزیراعظم سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات صوبے کے ترقیاتی امور، گیس و بجلی کے بحران کے خاتمے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد/کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ملاقات صوبے کے ترقیاتی امور، گیس و بجلی کے بحران کے خاتمے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال، وزیر اعظم کی صوبے کی ترقی کے لئے تعاون اور مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی، پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کا صوبے کی ترقی اور سیاسی امور میں ایک دوسرے کے ساتھ چلنے پر بھی اتفاق، تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ملاقا ت میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعظم کو بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیا ل کیا،وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے،مکران ڈویژن کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے تک ایران سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی، صوبے کے سرحدی علاقوں میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں وزیراعظم ک توجہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل بلوچستان کے منصوبوں پر عملدآمد مزید تیز کرنے اور فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنانے کی جانب مبذول کروائی جس پر دونوں رہنماؤں کے درمیان وفاقی پی ایس ڈی پی پر عملدآمد کو تیز بنانے بنا نے کے لئے ٹاسک فورس کے قیام، پلاننگ کمیشن میں بلوچستان کا نمائندہ تعینات کر نے پر اتفاق کیا گیا،وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو فنڈز کی کمی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے صوبے کے لئے این ایف سی ایوارڈ سے ہٹ کر خصوصی مالیاتی پیکج دینے کی درخواست بھی کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی انہوں نے صوبے میں سی پیک منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اورمکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اس موقع پرصوبے میں ہیلتھ کارڈ کے اجراء میں وفاق کی جانب سے 50فیصد حصہ ڈالنے پر اتفاق کیا گیا دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی ایک دوسرے کے ساتھ صوبے کی ترقی اور سیاسی معاملات میں تعاون جاری رکھیں گی اور بلوچستا ن کی ترقی میں صوبائی حکومت کو وفاق کا مکمل تعاون حاصل رہے گا واضح رہے کہ میر عبدالقدوس بزنجو کے وزیراعلیٰ بلوچستان بننے کے بعدوزیراعظم عمران خان سے یہ پہلی ملاقات تھی وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی