جمہوری عمل میں ہر کسی کواظہار رائے کاحق حاصل ہے، میر ظہوراحمدبلیدی
کوئٹہ (گرین گوادر نیو) بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاہے کہ بی اے پی مختلف اقوام پرمشتمل گلدستہ ہے،کارکنوں کے ساتھ 3سالوں میں ہونے والی ناانصافیوں کاازالہ کیاجائے گا، ون مین شو کی بجائے جمہوری عمل کے تحت آگے بڑھیں گے،جلد پارٹی الیکشن کاانعقاد کیاجائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بی اے پی کوئٹہ سٹی کے صدر حاجی ولی محمد نورزئی،سابق صوبائی وزیر طاہر محمود، عبدالرؤف رند، مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگوودیگر سے پارٹی دفتر میں ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی یہاں کے عوام کی ترجمان جماعت کی حیثیت سے ابھر کرسامنے آئی ہے تاہم چند وجوہات کی بناء پر صوبے میں سیاسی بحران سے دوچار ہونا پڑا،بی اے پی عوام کی جماعت ہے انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے ہرپلیٹ فارم پرآواز بلند کی جائے گی،بدقسمتی سے گزشتہ تین سالوں سے پارٹی کارکن نظرانداز رہے لیکن پارٹی کو فعال ومتحرک بنانے اور ورکرز کے ساتھ تین سالوں میں ہونے والی ناانصافیوں کاازالہ کیاجائے گا، پارٹی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے،انہوں نے کہاکہ آئندہ ماہ پارٹی کاالیکشن کااعلان کیاجائے گا بی اے پی یہاں کے مختلف اقوام پرمشتمل ایک گلدستہ ہے جہاں ہر قوم کی نمائندگی ہے۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے معاملات ون مین شو کی بجائے جمہوری عمل کے تحت آگے بڑھنا چاہیے۔جمہوری عمل میں ہر کسی کواظہار رائے کاحق حاصل ہے،ہم جمہوری اصولوں کے مطابق آگے بڑھیں گے۔