مشکل کی اس گھڑی میں ہرنائی زلزلہ متاثرین اپنے آپ کو تنہا نہیں سمجھیں، سید ظہورآغا
سبی,ہرنائی (گرین گوادر نیوز) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہرنائی زلزلہ متاثرین اپنے آپ کو تنہا نہیں سمجھیں، ”احساس” کیش ریلیف پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہرنائی میں متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں احساس کیش ریلیف پروگرام واضح اظہار ہے کہ وفاق بلوچستان کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔ گورنر بلوچستان سید ظہوراحمد آغا نے کہا کہ متاثرین کیلئے احساس ریلیف کیس پروگرام کا اجرا وزیر اعظم کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ زلزلہ متاثرہ خاندانوں کو 12 ہزار روپے کیش دئے جارہے ہیں زلزلے کے فوراً بعد پاک فوج، ضلعی انتظامیہNDMA,, PDMA اور ریسکیو اداروں نے مشکل صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کیا جس کیلئے تمام ادارے، آفیسرز اور جوانان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ہرنائی میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ کا احساس ہے اور کوشش ہے کہ متاثرہ مکانات اور عمارتیں پہلے سے زیادہ بہتر طرح تیار کی جائیں۔ اس موقع پر ایم پی اے میر نصیب اللہ مری، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیراحمد ناصر، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عبدالجبار اور ڈی سی ضلع ہرنائی سہیل ہاشمی بھی گورنر بلوچستان کے ہمراہ تھے.ہرنائی کے دورے کے موقع پرگورنر بلوچستان نے ہرنائی زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور زلزلہ متاثرین میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔