بلوچستان کے نمائندے صوبے کے مفادات کے حصول کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنائیں تو اس کے بہترین نتائج حاصل ہونگے، میرعبدالقدوس بزنجو
اسلام آباد (گرین گوادر نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے تعاون کے حصول میں بلوچستان کے سینٹرز اور اراکین قومی اسمبلی بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکریٹری جنرل سینیٹر منظور احمد کاکڑ،سینیٹر عبدالقادر،سینیٹر نصیب اللہ بازئی اور رکن صوبائی اسمبلی نور محمد دمڑ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی ملاقات کے دوران وفاق سے متعلق صوبے کے امور اور بی اے پی کے معاملات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ بلوچستان کے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کا موقف پرزور انداز میں اٹھائیں اور اس حوالے سے وفاقی دارلحکومت میں ہر سطح پر بھرپور طور پر متحرک اور فعال کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ اس وقت سینیٹ میں نمائندگی کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی چوتھی بڑی جماعت ہے جس کا فائدہ صوبے کو پہنچنا چاہیے اگر سینٹ اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کے نمائندے صوبے کے مفادات کے حصول کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنائیں تو اس کے بہترین نتائج حاصل ہونگے انہوں نے کہا کہ آئندہ دورہ اسلام آباد میں وہ بلوچستان کے سینیٹر وں اور اراکین قومی اسمبلی کے وفد کے ہمراہ ویراعظم عمران خان سے ملاقات کرینگے ملاقات کے دوران بلوچستان عوامی پارٹی کو قومی سطح پر وسعت دینے کے لئے مربوط لائحہ عمل کی تیاری سے اتفاق کرتے ہوئے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو ذمہ داری سونپی گئی اس موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائیزر نومنتخب سپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور انکی صحتمندی کی دعا کی گئی۔