بے گناہ افراد کودہشتگردی کا نشانہ بنانے والے افرادانسان کہلانے کے مستحق نہیں، میررحمت صالح
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر میر رحمت صالح بلوچ نے پنجگور میں بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے افراد انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ کچھ عناصراپنے غیر ملکی آقاوں کو خوش کرنے کیلئے پنجگور کے حالات کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجگور میں ایف سی اہلکاروں پر بم حملے میں 2افرادکی شہادت اور ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جس میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اورآئندہ بھی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بم دھماکے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے سخت سے سخت سزادی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔