بلوچستان ہائیکورٹ نے ویب پورٹل متعارف کروا دیا
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نے شفافیت کے اعلیٰ معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے وکلاء اور سائلین کو مقدمات کی معلومات تک تیز ترین رسائی کے لیے اپنی ویب سائٹ پر ویب پورٹل متعارف کروا دیا چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس نعیم اختر افغان نے آئی ٹی کمیٹی کے معزز جج صاحبان کے ہمراہ ویب پورٹل کا افتتاح کیا۔
ویب پورٹل سے عدالت عالیہ بلوچستان اور بلوچستان بھر کی ضلعی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں عدالت عالیہ بلوچستان میں سنائے جانے والے تمام فیصلے پڑھنے کے لیے ویب پورٹل پر موجود ہیں جن کی تصدیق شدہ نقول ضابطہ کے مطابق عدالت عالیہ سے حاصل کی جاسکتی ہیں اس پورٹل پر وکلاء کے لیے ان تمام مقدمات کی تفصیلات موجود ہیں جن میں وہ بطور وکیل پیش ہوئے یا ہو رہے ہیں وکلاء کی سہولت کے لیے عدالت عالیہ بلوچستان میں زیر التواء مقدمات کی آئندہ تاریخ سماعت کے حوالے سے معلومات کیلنڈر کی صورت میں موجود ہیں جن سے وکلاء مستفید ہو سکتے ہیں واضح رہے یہ ویب پورٹل چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس نعیم اختر افغان کی خصوصی ہدایت پر آئی ٹی کمیٹی کے معزز جج صاحبان کی زیر نگرانی عدالت عالیہ بلوچستان کی آئی ٹی برانچ نے کلی طور پر اپنے وسائل سے تیار کیا ہے۔