پاکستانی قوم نے ہمیشہ پوری لگن سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے : شبیر احمد مینگل
پشین(گرین گوادر نیوز)ڈپٹی کمشنر شبیر احمد مینگل کی قیادت میں کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم وبربریت،مسلسل جارحیت،انسانیت سوز سلوک اور غاصبانہ قبضہ کیخلاف یوم سیاہ کی مناسبت سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری کالج ہال میں تقریب کا انعقاد ہوا تقریب اوراحتجاجی ریلی میں ضلعی انتظامیہ،لائن ڈیپارٹمنٹ کے آفیسر ان،سیاسی شخصیات،قبائلی عمائدین،سماجی تنظیموں کے نمائندے،علماء کر ام،انجمن تاجران سمیت سول سوسائٹی اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ پوری لگن سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور جدوجہد آزادی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ رہے ہیں جبکہ ان کی مکمل آزادی تک ان کا ساتھ دیں گے کیونکہ بحیثیت مسلمان قوم ہم سب ایک دوسرے کے بھائی ہیں جبکہ کشمیر ہماری شہ رگ اور کشمیریوں کے ساتھ ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ اور انسانیت کی حفاظت پر مبنی ہے۔اس لیے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہمارا انسانی،اخلاقی،مذہبی اور دینی فرض بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت 75 سالوں سے انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غاصبانہ طور پر کشمیر پر مسلط ہے۔شبیر مینگل نے کہا کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا مقصد بھارتی انسانیت سوز سلوک اور ظلم و بربریت کے خلاف اقوام عالم کو پیغام دینا مقصود ہے کہ محصور کشمیری مسلمانوں کو بھارت کے مظالم سے چھٹکارا دلایا جائے اور کشمیریوں کو مکمل طور پر آزادی اور خود مختاری دی جائے تاکہ وہ اپنے روشن مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔یوم سیاہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عرصہ دراز سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر عمل پیرا ہندوستان اقوام عالم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔مگر اس بابت انسانی حقوق کے عالمی تنظیموں کی خاموشی اور بے بسی سمجھ سے بالاتر ہے۔مگر ہم پاکستانی قوم اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کو آزمائش کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑ یں گے اور ان کی مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھتے ہوئے یکجہتی کے اظہار کرتے رہیں گے۔یوم سیاہ اوریکجہتی کی تقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیخ نجیب اللہ اور محکمہ تعلیم کے ضلعی آفیسر عبدالواسع کاکڑ نے بھی خطاب کیا اور متعلقہ موضوع پر تقاریر اور ٹیبلو پیش کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔