بلوچستان سمیت ملک بھر میں بریسٹ کینسر کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، ڈاکٹرربابہ بلیدی

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)بلوچستان پروانشنل اسمبلی میں وویمن پارلمینٹرین فورم کی چیئرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں بریسٹ کینسر کی صورتحال انتہائی سنگین ہے اور پورے ایشیاء میں پاکستان اس مرض سے متاثرہ  ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے محکمہ صحت بلوچستان نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے لئے کالجز اور جامعات کی سطح پر شعوری معلومات کی ترویج  کا پروگرام شروع کر رکھا ہے جبکہ خواتین کی صحت سمیت عمومی صحت  سے متعلق موثر قانون سازی کی گئی ہے جس کا تسلسل جاری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام اور یو این ایف پی کے اشتراک سے جمعرات کے روز یہاں بریسٹ کینسر سے متعلق  ” میں ہوں   اور رہوں گی ” (I am, and I will)کے عنوان سے منعقد ہونے والی شعوری آگاہی نشست میں بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق، صدر مملکت کی بیگم ڈاکٹر ثمینہ عارف علوی کی جانب سے بریسٹ کینسر سے متعلق شعوری آگاہی کے لئے قائم ٹاسک فورس کی رکن بشری کمال، ممتاز عالم دین مولانا عبدالمتین اخونزادہ، بی آر ایس پی کی بورڈ آف گورنرز کے چئیرمین عامر سلیم کاسی، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے سربراہ نادر گل بڑیچ نے بھی خطاب کیا، پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ہر سال چھاتی کے کینسر سے خواتین کی ایک بڑی تعداد موت کے منہ میں چلی جاتی ہے ناخواندہ خواتین اپنی جگہ پڑھی لکھی عورتوں کی اکثریت کو بھی بریسٹ کینسر  سے متعلق خاطر خواہ معلومات اور بنیادی  آگاہی حاصل نہیں   اگر اس موزی مرض کی بروقت تشخیص ہو جائے تو اس کا علاج ممکن ہے بلوچستان میں بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لئے اسکریننگ کی سہولیات میسر نہیں ہیں تاہم موجودہ وقت صوبائی حکومت کینسر کی تشخیص اور اس کے علاج معالجے کے لئے طبی اقدامات پر عمل درآمد کے لئے پرعزم ہے اور پاک فوج کے سدرن کمانڈ کے تعاون سے  کوئٹہ میں پہلے کینسر اسپتال کی تعمیر جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ رواں سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائیگا،  ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے جانی خطرات سے ممکنہ بچاؤ کے لئے سالانہ میمو گرافی اور میڈیکل چیک اپ کے ساتھ ساتھ ہر ماہ ایک مخصوص مگر سادہ طریقہ کار کے تحت خواتین اپنا معائنہ خود بھی کرسکتی ہیں عمر رسیدہ خواتین میں یہ مرض لاحق ہونے کے زیادہ خطرات موجود ہوتے ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق نے کہا سات سال تک کینسرسے جنگ کے بعد اب وہ صحت یاب ہوچکی ہیں کینسر قابل علاج مرض ہے تاہم شرط یہ ہے کہ اس کی تشخیص ابتدائی مرحلے پر ہی ہوجائے بی آر ایس پی کے سربراہ نادر گل بڑیچ نے اختتامی کلمات میں مہمان خصوصی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سمیت تمام شرکاء کے خیالات اور تجاویز کو بریسٹ کینسر سے ممکنہ بچاؤ کے لئے اہم قرار دیا انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پی صوبے میں خواتین سمیت پسماندہ و محروم طبقات کو ترقی کے یکساں مواقعوں کی فراہمی، صحت، تعلیم، آبنوشی،زراعت، لائیو اسٹاک اور معاشی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں میں معاونت کے لئے سرگرم عمل  ہے جبکہ قدرتی آفات اور دیہی علاقوں میں بنیادی ضروریات زندگی کی سہولتوں کے لئے سروس ڈلیوری کی خدمات کا ایک تسلسل قائم رکھے ہوئے ہے پروگرام کے اختتام پر ڈبلیو پی سی کی چئیرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور بی آر ایس پی کے سر براہ نادر گل بڑیچ نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈ پیش کیں،  جبکہ بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو طبی و قانون سازی کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ پیش کی گئی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے