وفاقی محتسب کے ادارے کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا، مطہر نیاز رانا
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)وفاقی محتسب کے اعلامیہ کے مطابق چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سے وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر غلام سرور بروہی نے ملاقات کی۔ سینئر صحافی عبدالخالق وطن پال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور وفاقی محتسب بلوچستان ریجن کے انچارج غلام سرور بروہی کی جانب سے کہا گیا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کا عوام کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں رویہ انتہائی ہمدردانہ ہے اور وہ دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہوں وفاقی محتسب کا ادارہ چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے اور انہیں فوری اور مفت انصاف دلانے کے لئے بھرپور طریقے سے کام کررہا ہے اس سلسلے میں چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے کھلی کچہریوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنا لائق خراج تحسین ہے۔ جس سے عوام کے مسائل حل ہونگے ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے وفاقی محتسب کے ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کھلی کچہریوں میں وفاقی محکموں کے سلسلے میں اندراج ہونے والی شکایات کے فوری حل کے لئے وہ وفاقی محتسب کو بھجوائی جائیں۔ کھلی کچہری کے سلسلے میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کی میٹنگ میں وفاقی محتسب کے نمائندے کو بھی بلایا جائے گا تاکہ وفاقی محکموں کے بارے میں ملنے والی شکایات کے جامع اور فوری حل کے لئے طریقہ کار وضع کیا جاسکے اور اس سلسلے میں مزید جو بھی ہو وہ اقدامات اٹھائے جائیں گے اور وفاقی محتسب کے ادارے سے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ صوبائی اور وفاقی محتسب کے ساتھ مستقل بنیادوں پر میٹنگز کی جائے گی جیل ریفارمز پر وفاقی محتسب کے ادارے کا کام انتہائی جامع اور مفید ہے ان پر عملدرآمد سے معاشرے کے سدھار میں مدد ملے گی اور قیدیوں کے فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ جیل عملے اور افسران کے لئے بھی معاون ثابت ہوگا اس سلسلے میں وفاقی محتسب سید طاہرشہباز جلد کوئٹہ بلوچستان کا دورہ کریں گے جہاں چیف سیکرٹری بلوچستان کے ہمراہ جیل ریفارمز پر عملدرآمد کے سلسلے میں میٹنگ کا انعقاد ہوگا جلد وفاقی محتسب کا دفتر خضدار میں بھی کھولا جارہا ہے چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔