غربت نے لاکھوں نوجوانوں کو فٹ پاتھوں پر لاکھڑا کیاہے، سراج الحق

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ ملک کا نوجوان تبدیلی کے نعروں سے مایوس ہوگیاہے بے روزگاری اور غربت نے لاکھوں نوجوانوں کو فٹ پاتھوں پر لاکھڑا کیاہے۔ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، ان پر توجہ نہ دی گئی تو ملک مزید روبہ زوال ہوگا۔31اکتوبر کو اسلام آبادمیں لاکھو ں نوجوان جمع کرکے حکمرانوں سے جھوٹے وعدوں کا حساب لیں گے۔حکمرانوں نے امریکی آئی ایم ایف کی ایماء پر نوجوانوں کو بیر وزگارکردیاہے بدعنوانی وبے روزگاری حکمرانوں کے پیدا کردہ تحفے ہیں۔ ملک خطرناک سیاسی تقسیم کے دور میں داخل ہوگیاہے۔ عوام کا جمہوریت اور جمہوری اداروں پر یقین ختم ہوگیا۔ حکومت نااہل اور اپوزیشن اتحاد اپنی ذمہ داری سے مکمل غافل ہے۔ جماعت اسلامی سسٹم میں بہتری لانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ سیاسی جماعتیں اپنی ذمہ داری پوری کریں، عوام کے زخموں پر نمک پاشی سے گریز کیا جائے۔ قوم کو بے وقوف بنانے والے کب تک یہ کھیل کھیلیں گے۔ 73 سال سے عوام کے ارمانوں کا خون ہورہاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ میں جے آئی یوتھ کے صوبائی کونسل سیشن اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں جے آئی یوتھ کے مرکزی صدرزبیراحمدگوندل،صوبائی صدر نورالدین غلزئی،نقیب اللہ اخوانی، عبدالرافع خلجی سمیت دیگر صوبائی وضلعی رہنماؤں نے خطاب کیا سراج الحق اور زبیراحمدگوندل نے مزید کہاکہ لوٹ مار،بدعنوانی،بے روزگاری،بدترین مہنگائی کی وجہ سے عوام بدحال ہیں اور حکمرانوں کا گریبان پکڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں امیر جماعت نے جے آئی یوتھ کے عہدے داروں کو ہدایات دیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کواسلام آباد مارچ میں شریک کرنے اور جماعت اسلامی میں شمولیت کی ترغیب دیں جمہوریت کی بقاء کے لیے ضروری ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز مخلصانہ کردار ادا کریں۔ عوام مزید ظلم کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ تین بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈران ٹی وی سکرینوں پر بیٹھ کر او ر ایوانوں میں ایک دوسرے کو گالیاں دیتے ہیں۔ الزامات کی سیاست میں ملک تباہی کی جانب گامزن ہے۔ ملک پر اربوں ڈالر قرض کا بوجھ ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ سے عوام کا برا حال ہو چکا۔ زراعت، صنعت زوال پذیر ہیں۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے لوگوں کو جھوٹے وعدوں اور دعوؤں سے ٹرخا کر صرف اپنے مفادات کو ترجیح دی ہے۔ حکمرانوں اور وڈیروں کے محلات میں عیاشیاں ہورہی ہیں جبکہ غریب کی جھونپڑی میں چولہا نہیں جلتا۔ ملک کو اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے۔ عوام کے مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اسلامی معیشت اپناکر قرضوں سے نجات مل سکتی ہے۔ ملک میں زرعی ریفارمز لانا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اگر اللہ نے موقع دیا تو عوام کی قسمت سنواریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے