بلوچستان میں تبدیلی لا کر حالات کو بہتر بنانا ہے، سردارصالح بھوتانی

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت افہام تفہم سے کریں گے، بلوچستان میں تبدیلی لا کر حالات کو بہتر بنانا ہے ہم ایک بہتر ٹیم دیں گے تاکہ عوام کو تبدیلی نظر آئے، جن ساتھیوں نے قربانی دیں ہے نئی حکومت سازی میں انہیں صف اول میں رکھا جائیگا، یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ رو ز بلوچستان عوامی پارٹی کا اجلاس ہوا ہم نے متفقہ طور پر ایک نام تجویز کیا تھا لیکن صرف ہمارے کہنے سے وزیراعلیٰ نہیں بنے گا اتحادی جماعتیں ہیں انہیں بھی اعتماد میں لیں گے صوبے کو وزیراعلیٰ دینا آسان چیز نہیں ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تبدیلی لا کر حالات کو بہتر بنانا ہے عوام کی خدمت کے لئے بہتر آدمی کاچناؤ کرنا ہے ہم ایک بہتر ٹیم دیں گے تاکہ عوام کو تبدیلی نظر آئے،غریبوں کے لئے دروازے کھلے رہیں اور انکی رسائی ممکن ہو اور انکی شنوائی ہو،بے روزگاروں کو روزگار ملے ہم سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے ابھی کوئی جلدی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ جونیئر کلرک کی تعیناتی بھی ایک طریقہ کار کے ذریعے ہوتی ہے صوبے کا وزیراعلیٰ لگانے کی جلدی نہیں ہے عوام صبر کریں جلد ہی حتمی فیصلہ سامنے آجائیگا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اصولی طور پر استعفیٰ دیا تھا کہ عوام کے کام نہیں ہورہے انکے مسائل حل نہیں ہورہے،عوام کیلئے دروازے بند ہیں اور میں اس جرم میں شامل نہیں ہوسکتا تھا تاکہ عوام مجھے مجرم کے طور پر نہ دیکھیں انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں ایک بہتر حکومت بنانے کے لئے تحریک شروع کی جو پروان چڑھی اوردوسرے لوگ بھی شامل ہوئے اب جس کی قسمت میں وزیراعلیٰ بننا ہوگا وہ بن جائیگا یہ فیصلے اللہ تعالیٰ کے ہیں انسان کے ہاتھ میں نہیں کہ وہ کسے عہدے دیتا ہے چاہے وہ میں ہوں یا کوئی اور دوست ہے ہمارے لئے وہ قابل قبول ہوگا ہم سب ملکر ایک ٹیم کی صورت میں بلوچستان کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر تحریک کے بنیادی ساتھی ہوتے ہیں جو قربانی دیتے ہیں کھانے کے لئے ہر آدمی دسترخوان پر بیٹھ جاتا ہے اصل وہ لوگ ہیں جو کھانے کا انتظام کرتے ہیں جو محنت کرتے ہیں اور حکومت سازی کی کاوشیں کرتے ہیں جن ساتھیوں نے قربانیاں دیں، وزراتیں چھوڑی و ہ صف اول کے ساتھ ہونگے اس کے بعد دوسرے جو آئیں گے انہیں بھی ساتھ رکھیں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے