مجھے بہت خوشی ہے کہ کوئٹہ میں خواتین کے لئے پہلی نادرا موبائل رجسٹریشن وین کا آغاز ہوچکا ہے، قاسم سوری
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)مجھے بہت خوشی ہے کہ کوئٹہ میں خواتین کے لئے پہلی نادرا موبائل رجسٹریشن وین کا آغاز ہوچکا ہے اور میں اس معاملے میں ڈی جی نادرا میرعالم خان کی کاوشوں کوسراہتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے نادرا ریجنل ہیڈ آفس ڈبل روڈ پر خواتین کی پہلی نادرا موبائل رجسٹریشن وین (ایم آر وی) کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ ہماری باپردہ خواتین کے لئے نادرا موبائل رجسٹریشن وین کا آغاز کیا گیا ہے یہ نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں جاکر خواتین کو شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مسائل کو حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی اس موبائل وین میں دو عدد ڈیسک قائم ہیں جن میں نادرا کی افسر خواتین ہماری عوامی خواتین کو سہولیات فراہم کرینگی اور ایک پورا باپردہ ماحول قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈی جی نادرا میر عالم خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کی ان تھک محنت رنگ لے آئی۔ ڈپٹی اسپیکر نے نادرا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کی رجسٹریشن اور ویریفکیشن بھی نادرا کے جدید سسٹم کے ذریعے ہی ممکن ہوپائی ہے کہ ہم ایک شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے سے مستحقین کو پہچان سکتے ہیں اور ان کی مالی مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا عمران خان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کررہی ہے اور کوئٹہ میں جلد ایک نادرا میگا سنٹر کا افتتاح بھی ہونے جارہا ہے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے وحدت کالونی، بروری روڈ کوئٹہ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا دورہ بھی کیا اور چائنا سفارتخانے کے تعاون سے ملنے والے راشن کو مستحقین میں تقسیم کیا۔