بی اے پی تقسیم نہیں ہوئی ناراض ارکان پی ڈی ایم کے سازش کا حصہ ہے، لیاقت شاہوانی
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہاہے کہ پی ڈی ایم بلوچستان میں جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،امید ہے کہ ناراض ارکان کومنالیاجائے گا،بی اے پی تقسیم نہیں ہوئی ناراض ارکان پی ڈی ایم کے سازش کا حصہ ہے،جام کمال مفاہمت اور جمہوری اقتدار کے تحفظ کو ترجیح دیئے ہوئے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے جلسہ کو پنجاب کے عوام نے مسترد کردیا ہے پی ڈی ایم کو سازشوں کی سیاست ختم کرنا ہوگا پی ڈی ایم ہر سازش کے بعد رسوا ہوئی ہے۔ پی ڈی ایم جماعتیں بلوچستان میں جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم جماعتیں غیر جمہوری طرز عمل اختیار کئے ہیں۔ کیا سردار عطا اللہ۔ تاج جمالی۔ سردار اختر جان اور نواب ثنا اللہ زہری کی حکومتیں ختم کرنے کے اچھے سیاسی نتائج ملے۔ مخلوط حکومتوں میں اختلاف ہوتے رہتے ہیں۔ بلوچستان میں جمہوری منتخب وزیر اعلی کے خلاف سازش پی ڈی ایم کی شروع کی ہے۔ عدم اعتماد جام کمال کے خلاف نہیں جمہوری عمل کے خلاف ہے۔ لیاقت شاہوانی نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ممبرز کو منانے کا سلسلہ جاری ہے۔ یقین ہے کہ بی اے پی کے پارلیمینٹرین کو منانے میں کامیاب ہونگے۔ پی ڈی ایم گرینڈ سازشی الائینس ہے۔بی اے پی تقسیم نہیں ہوئی بلکہ بی اے پی کے ناراض ارکان پی ڈی ایم میں شامل نہیں لیکن سازش کا حصہ ہیں۔ مفاہمت اور جمہوری اقدار کا تحفظ ترجیح ہے۔