جشن عید میلاد النبی پورے تقدس و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، مطہر نیاز رانا

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت عید میلادالنبی کی تیاریوں اور ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جشن 12 ربیع الاول کی تقریبات کی تیاریوں اور ڈینگی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی محمد ہاشم غلزئی، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ کیئر عزیز احمد جمالی، سیکرٹری مذہبی امور عبدالطیف کاکڑ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت محمد نعیم بازئی جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پورے تقدس و احترام کے ساتھ منائی جائے گی سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے اور جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں قرات اور نعت خوانی کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور صفائی ستھرائی کا بہترین انتظام کیا جائے اور عیدمیلادالنبی کے مو قع پر سیکیورٹی کے منظم اور موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ تین اضلاع کیچ، گوادر اور لسبیلہ میں ڈینگی وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں ڈینگی کی روک تھام اور مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کیلیے فوری طور پر مزید موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے