ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کرے،مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ با شعور اور ملک و قوم کی خدمت کرنے والے نوجوانوں کے لیے جماعت اسلامی کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ بدعنوانی موروثیت سے پاک پارٹی جماعت اسلامی ہی ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے بہتر کام کر سکتی ہے۔پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز میں الحمد اللہ ہمارے کسی ایک فرد کا نام بھی شامل نہیں۔ ہم نے ملک و قوم کی بے لوث خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کرے۔ بلوچستان کو عدل وانصاف کا اسلامی جماعت اسلامی دے سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزکراچی میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومتی احتساب حکومتی اہلکاروں کو بچانے والے ناانصافی کا ناکام نظام ہے موجودہ حکومت اپنے تمام دعوؤں اور وعدوں کے اعتبار سے پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ حکومت نے ملک میں مہنگائی، بد انتظامی، بے روزگاری اور لاقانونیت میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ تحریک انصاف کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ وطن عزیز کے تمام ادارے اضطراب کی کیفیت میں ہیں۔ ہر محکمہ کے اندر کرپشن اور لوٹ مار کا دور دورہ ہے۔ عوام کے جائز کام بھی رشوت کے بغیر نہیں ہورہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت جو کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگا کر بر سر اقتدار آئی تھی مگر صد افسوس اس کے دور اقتدار میں کرپشن میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ چیئرمین نیب کے حوالے سے جس انداز میں حکومت نے صدارتی آرڈیننس سے کام چلایا ہے اس اقدام نے احتساب کے نظام کو متنازعہ بنادیا ہے۔حکومت کی ناقص حکمت عملی اور کمزور تفتیش کے ذریعے جن لوگوں نے بے تحاشا لوٹ مار کی تھی وہ چور اور ڈاکو بھی مظلوم بن کر عدالتوں سے باہر آرہے ہیں۔ جماعت اسلامی اس فرسودہ نظام کے خاتمے کی بات کرتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو زندہ رہنے کا حق دیا جائے۔ ان کے مسائل فوری حل ہوں۔ ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے