کوئی بھی محب وطن پاکستانی ڈاکٹر قدیر خان کی وطن کے لئے خدمات کوبھلا نہیں سکتا، ثمینہ ممتاززہری
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ناگہانی وفات پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات کو پاکستان کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کے لئے خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی کوئی بھی محب وطن پاکستانی ڈاکٹر قدیر خان کی وطن کے لئے خدمات کوبھلا نہیں سکتا۔انہوں نے مئی1998ء میں بھارت کے جارحانہ ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بلوچستان کے علاقے چاغی میں ایٹمیتجربات کر کے پاکستان کو سرخرو کر دیا اور تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کو پہلا اسلامی ایٹمی ملک بنایا اور پاکستان ایٹمی طاقت بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر خان دشمنوں کی نظر میں کانٹا تھے جنہوں نے قلیل عرصے میں بے وسیلہ ملک کو ایٹمی طاقت بنا دیا،ڈاکٹر قدیر نے کئی میزائلوں کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کیا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات سے آج ہمارا ملک ایک سچے پاکستانی سے محروم ہو گیا جس نے اپنی ساری زندگی پاکستان کے لئے وقف کر دی تھی۔آج دنیا میں جہاں جہاں پاکستانی موجود ہیں وہاں ہر پاکستانی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لئے اشکبار ہے اور ان کے لئے دعاگو ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے نہ صرف خود پاکستان کے لئے اپنی زندگی وقف کی بلکہ ان کے زیر نگرانی تربیت یافتہ دیگر سائندانوں نے بھی پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں جن کا سہرا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جاتا ہے۔ ان کی وطن کے لئے خدمات تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کواپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگواران کو یہ بڑا صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے