بلیدہ میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بچے رامز اور اسکے لواحقین کو انصاف ملنا چاہیے؛ جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر وسابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلیدہ میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بچے رامز اور اسکے لواحقین کو انصاف ملنا چاہیے واقعہ کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر حکومتی عدم توجہ تشویشناک ہے، قانون کے رکھوالے قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے اسے توڑنے والوں کے خلاف کاروائی کریں، یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت تمام سیکورٹی فورسز کسی بھی کاروائی کے دوران طاقت کے استعمال سے اس وقت تک گریز کرتی ہیں جب تک صورتحال انتہائی ناگزیر نہ ہو لیکن بلیدہ میں جس طرح ایک بچے کو مبینہ طور پر فائرنگ سے شہید جبکہ دوسرے کو زخمی کیاگیا یہ عمل انتہائی تشویشناک ہے انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا طاقت کا استعمال کیا گیا تھا تو پولیس اس صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹ سکتی تھی مگر ایک گھر کے اندر فائرنگ کرنے کے عمل نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے جو جواب طلب ہیں انہوں نے کہا کہ رامز کے والدین سینکڑوں کلو میٹر سفر کرکے کوئٹہ صرف انصاف کی تلاش میں آئے ہیں ہونا یہ چاہیے تھا کہ حکومت فوری طور پر انکے جائز مطالبات کو تسلیم کرکے جوڈیشل کمیشن قائم کرتی مگر ایسا نہیں کیاگیا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) معصوم بچے رامز کے والدین کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ان مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کیا جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے