استاد کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اساتذہ کا عالمی دن یونیسکو کا بہترین اقدام ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے اساتذہ کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ استاد کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اساتذہ کا عالمی دن یونیسکو کا بہترین اقدام ہے۔ایک ایسا دن جب دنیا بھر کے تمام اساتذہ کو ان کی بے لوث خدمات کے عوض خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ اسکا ایک اہم مقصد اساتذہ کو درپیش مسائل کا تدراک بھی کرنا ہے۔ عالمی ٹیچرز ڈے اس عالی شان اظہار کی نمائندگی کرتا ہے جو کہ تعلیم کے میدان میں ترقی کیلئے اساتذہ کرام خدمات انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر والدین بچوں کی پرورش کرتے ہیں تو اساتذہ ان کی ذہنی نشوونما کرکے انہیں مستقبل کا مفید شہری بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد اساتذہ کو تعلیمی شعبوں میں متحرک کرنے میں مدد فراہم کرنے سمیت اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ اساتذہ مستقبل کے معماروں کی تعلیمی ضروریات کو جاری رکھیں گے۔ والدین کے بعد استاد ہی بچوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ استاد کو روحانی والدین کا درجہ دیا گیاہے۔ استاد اور شاگرد کارشتہ انسانی زندگی کاوہ ستون ہے جو زندگی کو رنگوں سے بھر دیتا ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ والدین اگر کردار ادا کریں تو یقینا معاشرے میں مثبت تبدیلی کے ساتھ ساتھ استاد اور شاگرد کے درمیان تعلق کو بحال کیا جا سکتا ہے جو معاشرے اساتذہ کو عزت دیتے ہیں وہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں. چیف سیکرٹری نے گورنمنٹ مڈل سکول یٹ روڈ کوئٹہ کے مختلف کلاسز میں پہلی پوزیشن لینے والے طلباء کو ماہانہ تین ہزار، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والے کو دو ہزار ماہانہ اسکالرشپ دئے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ جولائی 2021 سے اسکالرشپ کا اجراء کیا گیا اور یہ اسکالرشپ تین سال کیلئے ہوگی۔