خواتین کے حقوق بارے آگاہی ضروری، علماء کرام اور میڈیا خواتین کے ملکیتی حقوق بارے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،سینیٹر ثمینہ ممتاز

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ لوگوں کو خواتین کے حقوق بارے تعلیم دینے کے لیے آگاہی مہم کی ضرورت ہے، جامع اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے اسلامی تعلیمات کے مطابق خواتین کے ملکیتی حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات اورلوگوں کو خواتین کے حقوق بارے تعلیم دینے کے لیے آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔خواتین پاکستان کی نصف آبادی ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شرکت کے بغیرترقی نہیں کر سکتا اور ان کے حقوق کا خیال رکھنا معاشرے کی ذمہ داری ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہاکہ علماء کرام اور میڈیا خواتین کے ملکیتی حقوق بارے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، خواتین کے ملکیتی حقوق کے نفاذ کا ایکٹ، 2020 ء خواتین کو حقوق دلانے میں ایک مثبت قدم ہے، ملک کے تمام صوبوں میں خواتین کے ملکیتی حقوق کے بارے میں یکساں قوانین کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ویمن پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2020 ء کے تحت کوئی بھی عورت جائیداد کی ملکیت کے حوالے سے محتسب کو اپیل دائر کر سکتی ہے، خواتین کی جائیداد کے مسائل حل کرنے کے لیے تنازعات کے متبادل حل کے طریقہ کار کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی مالی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، خواتین کومختلف فورمزکے ذریعے دستیاب قرضوں، دیگر سہولیات کے بارے آگاہی دی جاسکتی ہے تاکہ خواتین اپنی صلاحیتوں سے ملکی ترقی میں اپنا بھرپورکردار ادا کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے